بھارت کے مغربی بنگال کے ضلع ہاوڑہ میں ایک انتہائی افسوسناک اور چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر کا گردہ فروخت کروا کر حاصل ہونے والی رقم لے کر اپنے آشنا کے ساتھ فرار ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، خاتون نے اپنے شوہر کو 10 لاکھ روپے میں گردہ بیچنے پر راضی کیا تاکہ اس رقم سے ان کی بیٹی کی تعلیم کے لیے ضروری اخراجات پورے کیے جا سکیں۔ خاتون نے اپنے شوہر پر ایک سال تک دباؤ ڈالا تھا کہ وہ اپنی مالی حالت بہتر بنانے کے لیے یہ قدم اٹھائے اور اپنی بیٹی کو اچھے اسکول میں داخل کرائے۔
شوہر کی سرجری کے بعد جب گردہ نکال کر 10 لاکھ روپے حاصل ہوئے، تو خاتون نے شوہر کو آرام کرنے کے لیے کہا۔ تاہم چند دن بعد وہ اچانک گھر چھوڑ کر چلی گئی اور ساتھ میں وہ رقم بھی لے گئی جو اس نے گردہ فروخت کر کے حاصل کی تھی۔
شوہر اور اس کے اہل خانہ نے خاتون کو تلاش کرنے کی کوشش کی اور آخرکار کولکتہ میں اسے ڈھونڈ نکالا جہاں وہ ایک مرد کے ساتھ رہ رہی تھی جس سے اس کی فیس بک پر ایک سال قبل دوستی ہوئی تھی اور ان کے درمیان ناجائز تعلقات قائم تھے۔
پولیس نے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جلد ہی خاتون اور اس کے مبینہ آشنا سے پوچھ گچھ کی جائے گی تاکہ اس کیس کی مزید تفتیش کی جا سکے۔