زیرہ نہ صرف کھانوں کے ذائقے کو بڑھاتا ہے بلکہ اس کے صحت کے فوائد بھی بے شمار ہیں۔ نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ زیرہ کینسر کی روک تھام اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس کا عرق کئی سنگین بیماریوں جیسے کینسر، دل کی بیماری اور ہائی بلڈ پریشر کے خطرے کو کم کرنے میں معاون ہو سکتا ہے۔
جرنل فرنٹیئرز ان آنکولوجی میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ زیرے کا عرق ہڈیوں کے کینسر سے متاثرہ خلیوں پر مثبت اثرات ڈال سکتا ہے، اور یہ جگر، معدے اور آنتوں کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔ اگرچہ یہ فوائد جانوروں پر کیے گئے مطالعات میں سامنے آئے ہیں، تاہم انسانوں پر اس کے اثرات کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔
زیرہ خراب کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں بھی کارگر ثابت ہوا ہے۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ 45 دن تک زیرے کا عرق لینے سے خون میں کولیسٹرول کی سطح میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ اسی طرح ایک اور تحقیق میں موٹاپے کا شکار خواتین پر زیرے کے فوائد دیکھے گئے، جہاں دہی کے ساتھ زیرہ پاؤڈر استعمال کرنے سے کولیسٹرول اور ٹرائگلیسرائیڈ کی سطح میں بہتری آئی اور “اچھے” کولیسٹرول میں اضافہ ہوا۔
تاہم، زیرے کا استعمال متوازن مقدار میں کرنا چاہیے کیونکہ اس کے خشک اور گرم مزاج کی وجہ سے زیادہ مقدار میں استعمال کرنے سے اسہال جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس کے فوائد حاصل کرنے کے لیے آپ زیرے کا قہوہ بھی بنا سکتے ہیں، جو جسم کو توانائی دینے کے ساتھ ساتھ ہاضمے کے مسائل کو بھی بہتر بناتا ہے۔