ماہ رمضان 2025 میں ایک نایاب فلکیاتی مظہر رونما ہوگا، جو ہر 33 سال میں ایک بار دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس سال ماہ رمضان اور شمسی مہینہ مارچ ایک ساتھ شروع ہونے جا رہے ہیں، یعنی یکم مارچ 2025 کو ہجری مہینہ رمضان اور شمسی مہینہ مارچ دونوں کا آغاز ایک ہی دن ہوگا۔
دنیا میں دو اہم کیلنڈرز استعمال ہوتے ہیں: ایک عیسوی شمسی کیلنڈر اور دوسرا اسلامی قمری (ہجری) کیلنڈر، جو چاند کی گردش پر مبنی ہوتا ہے۔ دونوں کیلنڈرز کا آغاز عموماً مختلف تاریخوں پر ہوتا ہے، مگر اس سال ایک نادر موقع پر یہ دونوں مہینے ایک ہی دن شروع ہو رہے ہیں۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدرتی ہم آہنگی چاند اور سورج کے مداروں میں غیر معمولی تصادم کی وجہ سے ہوتی ہے، جو ہر 33 سال بعد ایک مرتبہ وقوع پذیر ہوتی ہے۔ یہ منظر ایک نادر فلکیاتی حقیقت کو ظاہر کرتا ہے اور اس کے پیچھے چاند اور زمین کی حرکتوں میں ریاضیاتی طور پر درست ہم آہنگی کارفرما ہوتی ہے۔
یہ فلکیاتی مظہر ایک دلچسپ موقع ہے، کیونکہ ایسا ہر سال نہیں ہوتا۔ اس دوران چاند اور سورج کے چکروں کی ہم آہنگی کے باعث یہ فلکیاتی منظر ایک اہم وقوع کے طور پر جانا جاتا ہے، جو دنیا بھر کے فلکیات دانوں اور اس میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔