آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں ویرات کوہلی نے ایک شاندار سنچری اسکور کر کے سب کو حیران کن پرفارمنس دی۔ دبئی کے میدان میں پاکستان کے خلاف ان کی یہ اننگز کرکٹ شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گئی۔
ان کی اس شاندار پرفارمنس نے نہ صرف کرکٹ شائقین بلکہ ان کی اہلیہ، معروف بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کو بھی جذباتی کر دیا۔ انوشکا شرما نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویرات کی سنچری کے بعد خوشی مناتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی سرخ دل والی ایموجی اور ہاتھ جوڑنے والی ایموجی کے ذریعے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
پاکستان کے خلاف اس میچ میں ویرات کوہلی نے صرف بیٹنگ میں ہی نہیں، بلکہ فیلڈنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے آخری گیند پر چوکا مار کر اپنی سنچری مکمل کی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
اس کے علاوہ، اس میچ کے دوران ویرات کوہلی نے تیز ترین 14 ہزار رنز بنانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ یہ ان کی 287 انٹرنیشنل اننگز تھیں، جس میں انہوں نے 14 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا، اور اس ریکارڈ نے انہیں کرکٹ کی تاریخ میں ایک نئی پہچان دے دی۔