اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے میزپان سسپنشن کے استعمال کو ممنوع قرار دیتے ہوئے اس کی سپلائی اور فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ اقدام بلوچستان میں جعلی اینٹی بائیوٹک انجکشن کی سپلائی کے انکشاف کے بعد اٹھایا گیا۔
ڈریپ نے ایک الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیب نے میرزپان کا بیچ نمبر 007 جعلی قرار دیا ہے۔ اس دوا کا سیمپل معیار پر پورا نہیں اترا، اور سیمپل میں سیفگزائم سالٹ کی تصدیق بھی نہیں ہوئی۔ اس کے علاوہ، 100 ایم جی کے پیک پر فرضی تفصیلات درج ہیں اور 5 ایم ایل کے پیک پر میراز فارما قصور کا پتہ درج تھا، جس سے دوا کی جعلی نوعیت ظاہر ہوئی۔
ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ جعلی اینٹی بائیوٹک کا استعمال مریضوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ اس سلسلے میں مارکیٹ سے جعلی میرزپان سسپنشن کے بیچ کو ضبط کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ مزید برآں، ڈریپ نے فیلڈ فورس اور صوبائی ڈرگ کنٹرول اتھارٹیز سے درخواست کی ہے کہ وہ مارکیٹ میں جعلی دوا کی نگرانی بڑھائیں۔
ڈریپ نے ڈاکٹرز اور مریضوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ جعلی سسپنشن کا استعمال نہ کریں اور اس کے متعلق کسی بھی رپورٹ کا فوری طور پر نوٹس لیں۔