آپ نے انسانوں کا مارچ پاسٹ اور پریڈ تو بہت بار دیکھی ہوگی، مگر اب قدرت آپ کو ایک نایاب فلکیاتی منظر دکھانے جا رہی ہے جسے دیکھنے کے لیے آپ کو تیار ہو جانا چاہیے۔ یہ منظر نہ صرف آپ کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گا بلکہ سیاروں کی پریڈ کا یہ منظر بہت کم مواقع پر نظر آتا ہے۔
ہمارے نظام شمسی میں 8 سیارے ہیں جن میں زمین، زہرہ، مریخ، مشتری، زحل، یورینس، نیپچون اور عطارد شامل ہیں۔ یہ تمام سیارے مختلف رفتار سے سورج کے گرد گردش کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ ان کے وجود میں آنے سے لے کر اب تک جاری ہے۔ ان سیاروں کی مختلف گردشیں اور ایک دوسرے سے فاصلہ ہمیشہ بدلتا رہتا ہے، لیکن اب قدرت نے انسانوں کو ایک منفرد موقع فراہم کیا ہے۔
28 فروری 2025 کو آپ آسمان پر سات سیاروں کی ایک قطار دیکھ سکیں گے۔ یہ منظر خاص طور پر اس لیے نایاب ہے کیونکہ سات سیارے زہرہ، مریخ، مشتری، زحل، یورینس، نیپچون اور عطارد ایک ساتھ آسمان پر صف بندی میں آ جائیں گے۔ اس فلکیاتی منظر کو “پلانیٹ پریڈ” یعنی سیاروں کی پریڈ کہا جاتا ہے۔
آپ میں سے جو لوگ اس خوبصورت منظر کو دیکھنا چاہتے ہیں، ان کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ اس موقع پر آپ کو دوربین یا بائنیکولر کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ عطارد، زہرہ، مشتری اور زحل کو آپ اپنی آنکھوں سے بھی دیکھ سکتے ہیں۔ تاہم، یورینس، مریخ اور نیپچون کو دیکھنے کے لیے آپ کو ایک چھوٹی دوربین کی ضرورت ہوگی۔
یہ سیاروں کی پریڈ جنوری 2025 میں شروع ہوئی تھی، جب 21 سے 29 جنوری کے دوران زہرہ، مریخ، مشتری، یورینس اور نیپچون آسمان پر ایک ہی قطار میں منسلک ہوئے۔ لیکن 28 فروری 2025 کو، مرکری بھی اس صف بندی میں شامل ہو جائے گا، اور اس طرح سیاروں کی پریڈ اپنے عروج پر پہنچ جائے گی۔
یہ نایاب منظر صرف چند مخصوص علاقوں میں دیکھا جا سکے گا۔ آپ اسے امریکا، میکسیکو، کینیڈا، بھارت، پاکستان اور کئی دیگر ممالک میں دیکھ سکیں گے۔ تاہم، یہ خوش قسمت موقع 28 فروری 2025 کے بعد اگلی بار 2040 میں دوبارہ آئے گا۔
یہ واقعہ اس لیے بھی دلچسپی کا باعث ہے کیونکہ مختلف سیارے مختلف رفتار سے سورج کے گرد گردش کرتے ہیں، اور یہ ساری گردشیں کبھی کبھار ایک ہی قطار میں آ کر ایک دلفریب منظر پیش کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر، عطارد، جو سورج سے سب سے قریب سیارہ ہے، اپنا ایک چکر 88 دنوں میں مکمل کرتا ہے، جبکہ زمین کو سورج کے گرد ایک چکر مکمل کرنے کے لیے 365 دن لگتے ہیں اور نیپچون کو 165 سال درکار ہیں۔
سیاروں کی پریڈ کا منظر دیکھنے کے لیے ضروری ہدایات
صاف آسمان: اس منظر کو دیکھنے کے لیے آسمان کا صاف ہونا ضروری ہے۔ ابر آلود آسمان میں یہ منظر دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
تاریک جگہ: آپ کو شہر کی مصنوعی روشنیوں سے دور ایک تاریک جگہ تلاش کرنی ہوگی تاکہ یہ منظر واضح طور پر نظر آ سکے۔ اگر آپ کسی پہاڑی علاقے یا کسی کھلے میدان میں جائیں تو یہ نظارہ آپ کو زیادہ خوبصورتی کے ساتھ نظر آئے گا۔
یہ فلکیاتی منظر ایک یادگار موقع ثابت ہوگا، جو قدرت کی بے شمار خوبصورتیوں اور نظام شمسی کی حیرت انگیز حرکتوں کو دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔