پاکستانی زمیندار سردار مظفر کولاچی کی جانب سے بھارتی رقاصہ و اداکارہ راکھی ساونت کو مفتی قوی سے شادی کرنے پر 35 کروڑ روپے مالیت کی زمین اور زیورات دینے کی پیشکش نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔
سردار مظفر کولاچی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ اگر راکھی ساونت مفتی قوی سے شادی کرتی ہیں تو وہ انہیں تحفے میں قیمتی زیورات اور زمین دیں گے۔ ان زیورات میں سفید سونے سے بنی 7 تولے کی چین، ایک ہیرے کی انگوٹھی، کف لنکس اور بہترین برانڈز کے پرفیومز اور گھڑیاں شامل ہیں۔ سردار مظفر کولاچی نے یہ بھی کہا کہ اگر راکھی ساونت چاہیں تو مردانہ زیورات کو زنانہ بھی بنوایا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں مفتی قوی نے بھی اس پیشکش کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام قیمتی اشیاء اور زمینیں تقریباً 35 کروڑ روپے کی ہیں، اور یہ سب راکھی ساونت کو ملیں گے اگر وہ ان سے شادی کرنے پر راضی ہو جائیں۔ مفتی قوی نے اس پیشکش پر سردار مظفر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یہ پیشکش اور ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئے ہیں، جس پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔