سابق بالی ووڈ اداکارہ ممتا کلکرنی نے حالیہ افواہوں کو مسترد کیا ہے کہ انہوں نے 10 کروڑ روپے کے عوض مذہبی عہدہ “ماہا منڈلیشور” حاصل کیا۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں وضاحت دی کہ ان کے پاس اتنی بڑی رقم نہیں تھی، اور یہ خیال بھی غلط ہے کہ وہ اتنی بڑی رقم ادا کرسکتی ہیں۔ ممتا کا کہنا تھا کہ حقیقت میں، جب انہیں ماہا منڈلیشور کا عہدہ دیا گیا تو انہوں نے 2 لاکھ روپے ادھار لے کر اپنے گرو کو دیے۔
اداکارہ نے اپنی زندگی کے ایک اور دلچسپ واقعے کا بھی ذکر کیا، جو فلم کرن ارجن کے سیٹ پر پیش آیا تھا۔ وہ بتاتی ہیں کہ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان اور سلمان خان اکثر ان سے مذاق کرتے تھے۔ ایک خاص ڈانس سین کے دوران، جب شاہ رخ خان اور سلمان خان کو ان کے ساتھ ڈانس کرنا تھا، تو ڈانس ڈائریکٹر نے بتایا کہ وہ اس سین میں اکیلی ہوں گی۔ ممتا کلکرنی نے بتایا کہ اگلے دن جب وہ اپنے ڈانس اسٹیپس ریکارڈ کروا رہی تھیں، تو دونوں خانز چھپ کر ان پر ہنس رہے تھے۔
مزید برآں، انہوں نے ایک سین کی شوٹنگ کا ذکر کیا جس میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو گھٹنوں کے بل ڈانس کرنا تھا۔ اس سین میں تقریباً 5 ہزار لوگ شوٹنگ دیکھنے کے لیے موجود تھے، اور ہر ٹیک میں مشکلات پیش آئیں جس کے نتیجے میں 25 ری ٹیک کیے گئے، جس کے بعد فلم کے پروڈیوسر راکیش روشن نے شوٹنگ منسوخ کر دی۔ ممتا نے یہ بھی کہا کہ سلمان خان زیادہ شرارتی تھے۔
ممتا کلکرنی نے اس انٹرویو میں اپنی شاندار شوبز کیریئر اور موجودہ مذہبی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات کی اور ان افواہوں کو ختم کیا جو ان کے بارے میں گردش کر رہی تھیں۔