پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی فلم ‘صنم تیری قسم’ نے بھارتی سنیما میں اپنی دوبارہ ریلیز کے بعد شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ 7 فروری 2025 کو دوبارہ ریلیز ہونے والی اس فلم نے محض دو دنوں میں 9 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کر لیا، جو کہ 2016 میں پہلی بار ریلیز ہونے والی فلم کے مجموعی بزنس 8 کروڑ روپے سے بھی زیادہ ہے۔
فلم کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ ماورا حسین کی دلکش اداکاری بتائی جا رہی ہے، جو آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ ‘صنم تیری قسم’ ایک رومانوی ڈرامہ ہے جس میں ماورا نے ایک سادہ اور پڑھاکو لڑکی کا کردار ادا کیا ہے، جس کی محبت کی زندگی کچھ خاص خوشگوار نہیں ہوتی۔ اس کے ساتھ ہی ہرش وردھن رانے کا کردار اندر، اس کی زندگی میں تبدیلی لے کر آتا ہے، اور فلم کی کہانی ایک دلچسپ موڑ لیتی ہے۔
اس فلم کا دوبارہ ریلیز ہونے کے بعد بھارتی سنیما کے شائقین نے ماورا حسین کی اداکاری کو سراہا ہے، اور کئی مداحوں کا خیال ہے کہ وہ بھارت کی اداکارہ ہیں۔ ‘صنم تیری قسم’ کی کامیابی اس بات کا غماز ہے کہ ماورا حسین نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی اپنے کرداروں کے ذریعے ایک خاص مقام بنا چکی ہیں۔