پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی فلم ‘صنم تیری قسم’ نے بھارتی سنیما میں دوبارہ ریلیز ہونے کے بعد شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور اس نے کئی ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔ 5 فروری 2016 میں پہلی بار ریلیز ہونے والی اس فلم کی دوبارہ ریلیز نے 88 ہزار ٹکٹس کی فروخت کے ساتھ 1.55 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا، جو اس فلم کے ابتدائی ریلیز سے کہیں زیادہ ہے، جب یہ محض 1 کروڑ بھارتی روپے کما سکی تھی۔
یہ حیران کن بات بھی سامنے آئی ہے کہ ‘صنم تیری قسم’ کی آن لائن ایڈوانس بکنگ نے رنبیر کپور کی مشہور فلم ‘یہ جوانی ہے دیوانی’ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ اس فلم کی ایڈوانس بکنگ 1 لاکھ 11 ہزار تک پہنچی، جو کہ ‘یہ جوانی ہے دیوانی’ کی ایڈوانس بکنگ سے 168 فیصد زیادہ ہے، جہاں صرف 40 ہزار ٹکٹس فروخت ہوئے تھے۔
فلم ‘صنم تیری قسم’ کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ ماورا حسین کی جاندار اداکاری ہے، جس میں انہوں نے ایک سادہ اور پڑھاکو لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جو محبت میں ناکامیوں کا سامنا کرتی ہے۔ لیکن جب اندر نامی لڑکا اس کی زندگی میں آتا ہے، تو اس کی زندگی بدل جاتی ہے۔
ماورا حسین کی یہ کامیابی بھارتی سنیما میں ان کے مقام کو مزید مستحکم کرتی ہے اور ان کے فن کی قدر کی جاتی ہے۔