واشنگٹن (این این آئی) عالمی شہرت یافتہ ٹیک جائنٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک نے امریکی معیشت کے حوالے
سے سنگین خدشات کا اظہار کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے مشہور پوڈ کاسٹ “دی جوئے روگن ایکسپیریئنس” میں بات
کرتے ہوئے کہا کہ امریکی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔
ایلون مسک نے انکشاف کیا کہ امریکا کا قومی قرض 36.17 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جو ایک خطرناک حد ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ
اگر فوری اور مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو یہ معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے قومی قرض پر 23 فیصد سود کی ادائیگی ایک تشویشناک پہلو ہے، اور اس
میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ایک وقت ایسا بھی آ سکتا ہے کہ پورا قومی بجٹ صرف سود کی ادائیگی پر
خرچ کرنا پڑے۔
ایلون مسک نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2024 میں امریکی حکومت نے 1.1265 ٹریلین ڈالر صرف سود کی ادائیگی
پر خرچ کیے، جبکہ امریکا کی مجموعی آمدنی 4.92 ٹریلین ڈالر رہی۔
یہ اعداد و شمار امریکی عوام اور پالیسی سازوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا امریکی حکومت اس بحرانی
صورتحال سے بچنے کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات اٹھا سکے گی یا نہیں۔