سولر انرجی پر چلنے والی گاڑیاں اب سائنس فکشن کا حصہ نہیں رہیں بلکہ حقیقت بن چکی ہیں، اور ایک کمپنی ایپٹیرا نے اس حوالے سے ایک بڑی پیشرفت کی ہے۔ اس کمپنی کی تیار کردہ گاڑی “سولر ای وی” روزانہ سورج کی روشنی سے اتنی توانائی اکٹھی کرتی ہے کہ اسے زیادہ تر وقت چارج کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
اس گاڑی کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ پیٹرول یا بجلی کی ضرورت کے بغیر 40 میل تک سفر کر سکتی ہے، کیونکہ اس کی سطح پر سولر پینلز نصب ہیں جو مجموعی طور پر 700 واٹس توانائی حاصل کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، گاڑی میں 45 کلو واٹ کی ایک بیٹری بھی موجود ہے، جو گھر کے کسی بھی پوائنٹ سے چارج کی جا سکتی ہے اور فل چارج پر 400 میل تک کا سفر فراہم کرتی ہے۔
سولر ای وی کی ڈیزائن میں ہوا کی رگڑ کو کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ اس کا وزن کم ہو اور گاڑی زیادہ موثر طریقے سے کام کرے۔ اس گاڑی میں 3 پہیے ہیں اور اس کا ڈیزائن اسپیس شپ سے مشابہ ہے، حالانکہ یہ اڑنے کے بجائے سڑک پر دوڑتی ہے۔ اس کی رفتار 6 سیکنڈ میں صفر سے 60 میل فی گھنٹہ تک پہنچ جاتی ہے۔
یہ گاڑی ابھی باضابطہ طور پر فروخت کے لیے نہیں آئی، مگر پری آرڈرز کے لیے دستیاب ہے اور اس کی قیمت 40 ہزار ڈالرز رکھی گئی ہے۔ کمپنی کا ماننا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث لوگ اس منفرد سولر گاڑی میں زیادہ دلچسپی ظاہر کریں گے۔