واشنگٹن (این این آئی) یونائیٹڈ ایئرلائن کی ایک پرواز کے لینڈنگ گیئر سے ہوائی کے جزیرے پر لینڈنگ کے بعد ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شکاگو اوہارے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے یونائیٹڈ فلائٹ 202 کے کہلوئی ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد طیارے کے لینڈنگ گیئر کے ایک کمپارٹمنٹ سے لاش ملی۔ ایئرلائن کی ویب سائٹ کے مطابق یہ کمپارٹمنٹ ایسا حصہ ہے جہاں تک رسائی صرف ہوائی جہاز کے باہر سے ممکن ہے۔
مرنے والے شخص کی شناخت اور دیگر تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ شخص وہاں کیسے پہنچا اور اس کی موت کی وجوہات کیا تھیں۔