ماپوتو (این این آئی) پرتگالی بولنے والے افریقی ملک موزمبیق کے دارالحکومت کی ایک جیل میں شدید ہنگامہ آرائی کے دوران کم از کم 33 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ 1500 سے زائد قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق، پولیس جنرل کمانڈر برنارڈینو رافیل نے میڈیا بریفنگ میں تصدیق کی کہ جیل تصادم میں 33 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے، جبکہ 1500 قیدی فرار ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ اب تک فرار ہونے والے 150 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کیا جا چکا ہے۔
پولیس جنرل کمانڈر نے جیل کے باہر ہونے والے مظاہروں کو ان فسادات کی حوصلہ افزائی کا ذمہ دار قرار دیا، جبکہ وزیر انصاف نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہنگامہ جیل کے اندر سے شروع ہوا تھا اور اس کا باہر کے احتجاج سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
رپورٹس کے مطابق قیدیوں نے جیل کے محافظوں کو قابو میں لے کر ان کی اے کے-47 رائفلیں چھین لیں اور اصلاحی مرکز سے فرار ہو گئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی شناخت تاحال واضح نہیں ہو سکی ہے۔
یہ واقعہ موزمبیق کی جیلوں کے حفاظتی نظام اور انتظامی کمزوریوں پر کئی سوالات اٹھاتا ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور فرار قیدیوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔