بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سارہ علی خان نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے چیلنج، یعنی وزن کم کرنے کی کہانی مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ سارہ نے اپنے 96 کلو وزن سے 45 کلو وزن کم کرنے کے سفر کو عزم، محنت اور مستقل مزاجی کے ساتھ مکمل کیا، جس نے نہ صرف ان کی جسمانی شکل و صورت کو بہتر کیا بلکہ ان کی ذہنی اور جسمانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کیے۔
سارہ نے ایک پرانے انٹرویو میں بتایا کہ موٹاپا نہ صرف ان کی صحت بلکہ خود اعتمادی پر بھی اثر انداز ہو رہا تھا، اور یہ ایک ایسا چیلنج تھا جسے انہوں نے شکست دینے کے لیے سخت محنت کی۔ انہوں نے کہا، “میں صرف موٹی نہیں تھی، میں نے وزن کی مشین بھی توڑ دی تھی۔” سارہ نے اعتراف کیا کہ موٹاپے کے اثرات نے انہیں خود کو نیچے گرانے پر مجبور کیا، لیکن وہ جانتی تھیں کہ یہ ایک نقصان دہ سوچ ہے اور انہیں اسے شکست دینی تھی۔
سارہ نے یہ بھی بتایا کہ وزن کم کرنا صرف ظاہری شکل کے لیے نہیں بلکہ صحت کے لیے ضروری ہے۔ انہیں اپنی تحریک ہدایتکار کرن جوہر سے ملی، جنہوں نے انہیں فلم کی آفر دیتے وقت کہا کہ وہ اپنا آدھا وزن کم کریں۔
سارہ نے اپنے وزن کم کرنے کے سفر میں کارڈیو ورزشیں، مختلف مشقیں اور صحت مند خوراک کو اپنا معمول بنایا۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ جو لوگ موٹاپے کا شکار ہیں، انہیں اپنی خوراک اور صحت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے، کیونکہ اس کا اثر نہ صرف جسمانی صحت پر بلکہ ذہنی صحت پر بھی پڑتا ہے۔