بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریتی زنٹا نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں جنگلات میں لگنے والی آگ سے ہونے والی تباہی پر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ پریتی زنٹا نے اپنی پوسٹ میں اس قدرتی آفات کے دوران اپنے اور اپنے خاندان کے خوف اور غیر یقینی کی حالت کو بیان کیا۔
انہوں نے لکھا کہ انہیں کبھی نہیں لگا تھا کہ وہ ایسا دن دیکھیں گی جب لاس اینجلس میں آتشزدگی کے باعث اپنے عزیز و اقارب کو گھر خالی کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا اور علاقے میں ہائی الرٹ لگانا پڑے گا۔ اداکارہ نے آگ کی تیز ہواؤں اور دھندلے آسمانوں کا ذکر کرتے ہوئے اپنے خوف کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر یہ تیز ہوائیں رک نہ پائیں تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
پریتی زنٹا نے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ اپنے ارد گرد ہونے والی تباہی پر دل شکستہ ہیں، مگر خوشی کا پہلو یہ ہے کہ وہ اور ان کا خاندان ابھی تک محفوظ ہیں۔ ان کی دعائیں ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جو اس آتشزدگی کے نتیجے میں بے گھر ہو چکے ہیں اور اپنا سب کچھ کھو چکے ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں فائر فائٹرز اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو اس مشکل وقت میں لاس اینجلس کے لوگوں کی مدد کر رہے ہیں، اور امید ظاہر کی کہ جلد ہی ہوا تھم جائے اور آگ پر قابو پا لیا جائے۔