کیٹ ونسلیٹ، جو ہالی وڈ کی معروف اداکارہ ہیں اور “ٹائٹینک” جیسی فلموں کے ذریعے عالمی شہرت حاصل کر چکی ہیں، اب ہدایت کاری کے میدان میں بھی قدم رکھ رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو خوشخبری دی ہے کہ وہ اپنی فیچر فلم “گڈبائے جون” کی ہدایتکاری کریں گی۔
اس فلم کا اسکرپٹ کیٹ ونسلیٹ کے بیٹے جو اینڈرس نے لکھا ہے، اور اس فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں نیٹ فلکس اور ورکنگ ٹائٹل فلمز کے تحت کی جائے گی۔ فلم میں کیٹ ونسلیٹ سمیت کئی مشہور اداکار شامل ہوں گے، جن میں ٹونی کولٹ، جانی فلن، اینڈریا رائزبرگ، ٹموتھی اسپال، اور ہیلین مرین شامل ہیں۔
“گڈبائے جون” ایک خونی رشتہ اور بکھرے ہوئے خاندانوں کے درمیان پیچیدہ تعلقات کو بیان کرتی ہے، جو والدین کی علیحدگی کے نتیجے میں بکھر چکے تھے۔ تاہم، حادثاتی طور پر یہ بہن بھائی مشکل حالات میں ایک دوسرے سے ملتے ہیں، اور انہیں مل کر اس وقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کیٹ ونسلیٹ اس فلم کی کامیابی کے لیے کافی پُرامید نظر آتی ہیں، لیکن چونکہ فلم ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، اس لیے اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اس کے علاوہ، کیٹ ونسلیٹ 16 فروری 2025 کو بی اے ایف ٹی اے فلم ایوارڈز میں شرکت کریں گی، جہاں انہیں اپنی فلم “لی” کے لیے بہترین برطانوی فلم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ اس فلم کی پروڈیوسر بھی وہ ہیں اور اس میں انہوں نے فوٹو جرنلسٹ لی ملر کا کردار ادا کیا تھا۔
کیٹ ونسلیٹ کا یہ نیا قدم ان کے فنی کیریئر کے ایک اور سنہری باب کا آغاز ہو سکتا ہے، جہاں وہ نہ صرف اداکاری بلکہ ہدایت کاری میں بھی اپنے جوہر دکھانے جا رہی ہیں۔