نیٹ فلکس کی مقبول کوریائی ویب سیریز اسکویڈ گیم کی باصلاحیت اداکارہ لی جو سل کا انتقال 80 سال کی عمر میں ہوا ہے، جس کی خبر نے ان کے مداحوں اور کوریائی سینما کی دنیا میں ایک غمگین لہر دوڑائی ہے۔ لی جو سل نے اس سیریز کے سیزن 2 میں پارک مال سون نامی کھلاڑی کا کردار ادا کیا تھا، اور اپنی شاندار پرفارمنس سے مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔ ان کا کردار ہوانگ جون ہو کی والدہ اور ہوانگ ان ہو کی سوتیلی والدہ کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔
لی جو سل کی پرفارمنس نے نہ صرف اسکویڈ گیم کے شائقین کو متاثر کیا بلکہ انہیں ایک محبوب شخصیت بنا دیا۔ انہوں نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک کینسر کے خلاف جنگ لڑا تھا اور حال ہی میں اسٹیج 3 بریسٹ کینسر کی تشخیص کے بارے میں انکشاف کیا تھا۔ اگرچہ ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ وہ کینسر کو شکست دے چکی ہیں، مگر بیماری نے دوبارہ حملہ کیا اور وہ اس دنیا سے رخصت ہو گئیں۔
ان کے انتقال نے فلمی صنعت کو ایک بڑا دھچکا دیا ہے، تاہم ان کی خدمات اور ان کا کام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ لی جو سل کے انتقال کے بعد ان کی آخری رسومات شنچون سیورینس اسپتال میں ادا کی جائیں گی۔
اسی دوران نیٹ فلکس نے اعلان کیا ہے کہ اسکویڈ گیم کا تیسرا اور آخری سیزن 27 جون 2025 کو ریلیز کیا جائے گا، جس کا مداحوں کو شدت سے انتظار ہے۔