ماسکو: روس کا مال بردار بحری جہاز “ارسا میجر” ایک پراسرار دھماکے کے بعد بحیرہ روم میں ڈوب گیا، جس کی تصدیق روسی وزارت خارجہ نے کر دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت جہاز پر 16 افراد پر مشتمل عملہ موجود تھا، جن میں سے 14 کو بچا لیا گیا جبکہ 2 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
یہ واقعہ اسپین کے ساحل سے تقریباً 57 میل دور پیش آیا۔ اسپین کی میری ٹائم ریسکیو سروس نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور 14 افراد کو زندہ نکالنے میں کامیاب رہی۔ تاہم لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
اسپین میں روسی سفارت خانے نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مقامی حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور دھماکے کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ابھی تک اس دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
“ارسا میجر” 2009 میں تعمیر کیا گیا تھا اور اسے روسی وزارت دفاع کی تعمیراتی کمپنی “اوبورونالوجسٹیکا” کے زیرِ کنٹرول رکھا گیا تھا۔ جہاز پر دو بڑی کرینیں نصب تھیں اور یہ روس کی مشرقی بندرگاہ ولادی ووستوک کی جانب روانہ تھا۔ اس پراسرار حادثے نے بحری ماہرین اور متعلقہ حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔